ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / دو الگ الگ معاملات میں سرسی میں چار گرفتار : سرسی میں عصمت دری کے ملزم کو ملی 11سال کی سزا اور 20ہزاروپئے جرمانہ

دو الگ الگ معاملات میں سرسی میں چار گرفتار : سرسی میں عصمت دری کے ملزم کو ملی 11سال کی سزا اور 20ہزاروپئے جرمانہ

Fri, 29 Jan 2021 19:28:33    S.O. News Service

کاروار :29؍جنوری (ایس اؤ نیوز) سرسی پولس نے دو لوگوں کو گانجہ بیچنے کے الزام میں اور دو لوگوں کو بغیر لائسنس کے دیسی بندوق رکھنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے جبکہ ایک دوسرے معاملے میں  ایک شخص کو ضلعی عدالت نے گیارہ سال  جیل کی سزا سنائی ہے۔

اُترکنڑا کے ایس پی شیوپرکاش دیوراج نے تفصیلات بیان کرتےہوئے بتایا کہ سرسی شہری اور دیہی علاقوں میں جاکر گانجہ بیچنےکے الزام میں سرسی پولس نے دو ملزموں کو گرفتار کیا ہے جن کی شناخت محمد محسن اور ودیا نگر کے منجوناتھ پجاری کی حیثیت سے  کی گئی ہے، ایس پی نے بتایا کہ  یہ لوگ سرسی کے سرکاری تفریحی باغ سالو مردتمکا کے پڑوس والی کھلی جگہ پر غیر قانونی طور پر نشیلی اشیاء بیچنے کی کوشش کررہے تھے جس کے دوران پولس نے انہیں گرفتار کرلیا ہے۔ ایس پی کے مطابق  ملزمان سے10000روپئے مالیت کے  266گرام گانجہ  ، 25 ہزار مالیت کی ایک ایکٹیوا بائک ، 1000ہزارروپئے نقداور2 موبائیل برآمد کئے ہیں۔ اس تعلق سے  سرسی  مارکیٹ پولس تھانہ میں معاملہ درج کرلیا گیاہے۔  سرسی میں اسی طرح کے ایک دوسرے معاملے میں  کیرےکوپا دیہات کے گڑی ہلی کراس کے قریب گھر میں بغیر لائسنس والی دیسی بندوق رکھنے جانے کے الزام میں پولس نے دو ملزموں کو گرفتارکیا ہے جن کی شناخت  باشو قادر خان اور عبدالرزاق کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ ایس پی شیوپرکاش دیوراج نے بتایا کہ   باشوقادر خان نامی فردکے گھر  کے عقب والے جانوروں کی کوٹھری میں  بغیر لائسنس   والی  دیسی بندوق کے متعلق مصدقہ اطلاع  پر کارروائی کرتے ہوئے  یہ کاروائی کی ہے۔ ایس پی نے بتایا کہ  پولس نے بندوق کے ساتھ 92گولیاں بھی برآمد  کرلی  ہیں۔ سرسی دیہی پولس تھانہ پی ایس آئی ننجانائک اور پروبیشنری کرشنا ارکیری سمیت  پولس کا دیگر  عملہ کارروائی میں شریک تھا۔

نابالغہ کی عصمت دری ،ملزم کو سزا : نابالغہ کی عصمت دری کرنے کے  الزام میں سرسی دیہی  پولس کے ہاتھوں گرفتار ملزم ناگراج ایشورپجاری کو ضلعی عدالت کاروار نے پوکسو ایکٹ کے تحت  11سال جیل کی سزا اور 20000ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ دیہی پولس تھانہ حدود کے ہولیکل دیہات کے رام نگر کے ایک مکین کی 6سالہ نابالغ لڑکی کی ایک مرتبہ عصمت دری کے بعد پھر  کئی مرتبہ عصمت دری کی کوشش کئے جانے کے تعلق سے سرسی دیہی  پولس نے 13دسمبر 2014کو کیس درج کرلیا تھا۔ سرکل پولس انسپکٹر  آر ایل گنپتی نے معاملے کی جانچ کےلئے  ملزم ناگراج پجاری کو اپنی تحویل میں لےکر پوچھ تاچھ کرنےکے بعد ضلعی عدالت میں چارج شیٹ داخل کی تھی۔ ضلعی عدالت کے منصف نے معاملےکی سماعت کرنےکے بعد 28جنوری کو ملزم ناگراج کو 11سال جیل کی سزا اور 20 ہزارروپئے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔


Share: